ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / گیان واپی مسجد کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھٹکل میں ایس ڈی پی آئی کا احتجاجی مظاہرہ

گیان واپی مسجد کی حفاظت کو یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے بھٹکل میں ایس ڈی پی آئی کا احتجاجی مظاہرہ

Tue, 17 May 2022 20:10:45    S.O. News Service

بھٹکل  17 مئی (ایس او نیوز)   اُترپردیش کی وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد  کا  سروے اور پھر تالاب کے فوارے والے پتھر کو  شیولنگ قرار دے کر میڈیا ٹرائیل چلانے   پھر نچلی عدالت  کا ضلع انتظامیہ کو  متعلقہ جگہ  کو سیل کرنے کا حکم دینے پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے  بھٹکل میں  سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا  (ایس ڈی پی آئی) کی جانب سے  پرانے تحصیلدار دفتر کے باہر ایک  احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں  یوگی سرکار اور مرکز کی مودی سرکار کے خلاف نعرے لگائے گئے، ساتھ ساتھ آر ایس ایس کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی اور  اس بات کا عزم ظاہر کیا گیا کہ  گیان واپی مسجد کو کے کر کسی بھی طرح کی سیاست نہیں ہونے دی جائے گی اور کسی بھی حال میں گیان واپی مسجد کو بابری مسجد کی طرح نہیں بننے دیا جائے گا۔

ایس ڈی پی آئی کے ضلعی صدر  محمد توفیق بیری نے   مسجد کے سروے پر سوال اُٹھاتے ہوئے کہا کہ  مرکزی اور اُترپردیش کی یوگی حکومت اپنی ناکامیوں کو چھپانے کے لئے عوام کو ایک کے بعد ایک  الگ الگ معاملوں میں اُلجھانے میں  لگی ہے اور ہندو۔مسلم کرکے اقتدار پر بنے رہنا چاہتی ہے۔

توفیق بیری نے  سوال کیا کہ آخر  وارانسی عدالت کے جج کو  گیان واپی مسجدکے سروے کو لے کر اتنی جلدی کیوں  تھی حالانکہ معاملہ سپریم کورٹ میں پہنچ چکا تھا۔ پھر سروے کے دوران رپورٹ  عدالت میں  جمع کرنے سے پہلے ہی   جج کی   ایسی کیا مجبوری تھی کہ اُس نے  کنویں سے نکلے  فوارے کے  پتھر کو   ہندو فریق کے کہنے پر شیولنگ مان لیا اور اُس جگہ کو قبضے میں لینے  اور اُسے  سیل کرنے کا  حکم دیا۔ توفیق بیری نے  بتایا کہ  پیر کو جج  صاحب  نے اپنے ریمارکس میں کہا  تھا   کہ  گیان واپی مسجد کے معاملے کو لے کر خوف کی فضا پیدا کی گئی ہے، جج  صاحب نے اپنے اور اپنے خاندان  کے حفاظت کی فکر رہنے کی بات بھی کہی تھی،  توفیق بیری نے سوال کیا کہ اس بات کی جانچ ہونی چاہئے کہ جج کو آخر کن لوگوں سے خطرہ تھا یا خطرہ ہے، اُسے اس معاملے کو لے کر کیوں خوف تھا۔ ہمیں یہ جاننا ہوگا کہ آخر جج  پر کون دباو بنارہا ہے جس کو لے کر جج نے اناً فاناً میں  متعلقہ جگہ کو سیل کرنے کا حکم دیا۔

توفیق بیری نے واضح کیا  کہ ہم کسی بھی حال میں  اب دوسری کسی بھی مسجد کو بابری مسجد کی طرح بننے نہیں دیں گے۔ تعلقہ صدر  وسیم منیگار سمیت ایس ڈی پی آئی   کے کافی دیگر ذمہ داران بھی  اس موقع پر موجود تھے۔


Share: